کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں اہم پیش رفت، ساتویں ملزم کی پلی بارگین منظور

چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد پشاور کی احتساب عدالت نے پلی بارگین کی توثیق کردی ہے

(فوٹو: فائل)

پشاور:

کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ساتویں ملزم حریق احمد کی پلی بارگین منظور ہونے کے بعد رہائی کا حکم دے دیا گیا۔

چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد پشاور کی احتساب عدالت نے پلی بارگین کی توثیق کردی ہے۔

ملزم حریق احمد کی پلی بارگین سے متعلق سماعت احتساب جج کلیم ارشد نے کی۔ عدالت نے ملزم کا پلی بارگین کے حوالے سے بیان قلمبند کرنے کے بعد اس کی توثیق کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کردیے۔

یاد رہے کہ نیب نے ملزم حریق احمد کو مئی 2026 میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم بینک میں آپریشن منیجر ہے اور اس نے 40 کروڑ 98 لاکھ روپے کی پلی بارگین کی درخواست دی تھی۔

کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں ملزم حریق احمد کے حوالے سے 40 کروڑ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن سامنے آئی تھی۔ چیئرمین نیب نے ملزم کی پلی بارگین درخواست منظور کی، جس کے بعد معاملہ توثیق کے لیے احتساب عدالت کے سامنے آیا۔

ملزم کو عدالت نے سینٹرل جیل سے ضمیمہ ب پر نکالا تھا اور اسے آج عدالت میں پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت نے بیان قلمبند کرنے اور پلی بارگین کی توثیق کے بعد ملزم کی رہائی کا حکم جاری کردیا۔

Load Next Story