مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون وعلاقائی استحکام کیلئے اہم پیشرفت ہے، اسحاق ڈار
فوٹو: فائل
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں پاکستانی برادری سے ملاقات کی اور خطاب میں پاکستان کی حالیہ سفارتی، اقتصادی اور تزویراتی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں کامیاب سفارت کاری، بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ تعمیری روابط اورعلاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کے باعث ملک کی عالمی ساکھ اور اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
نائب وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی سفارتی کوششوں، مذاکرات، بات چیت اور کشیدگی میں کمی کے لیے اس کے کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم اور سراہا گیا ہے، جس سے امن کے لیے ایک ذمہ دار اور تعمیری قوت کے طور پر پاکستان کی شناخت مزید مضبوط ہوئی ہے۔
اسحاق ڈار نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھی ذکر کیا اور اسے اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ سال بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فتح سے عالمی سطح پر ملک کی عزت، وقار اور ساکھ میں مزید اضافہ ہوا ہے، پاکستان نے اپنے عزم، صلاحیت اور قومی یک جہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس سے دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور دفتر خارجہ کے متحرک کردار کو عالمی سطح پر احترام اور پذیرائی حاصل ہے اور ان کی قیادت نے پاکستان کی سفارتی پوزیشن اور قومی اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
معیشت کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان معاشی غیر یقینی کی صورت حال سے نکل کر استحکام اور بحالی کی جانب بڑھ رہا ہے، بہتر ہوتے معاشی اشاریے، ترسیلات زر میں اضافہ اور بیرون ملک پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد سے معاشی بحالی کے مثبت آثار نمایاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کے لیے زیادہ معاشی امکانات پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
نائب وزیراعظم نے برطانوی پاکستانی برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے حقیقی سفیر قرار دیا اور کہا کہ برطانیہ کی اقتصادی، سیاسی اور سماجی زندگی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات پاکستان کے لیے باعث فخر ہیں، انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے بیرونِ ملک پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی اور ملک کے مثبت تشخص کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھیں۔
تقریب میں شریک پاکستانی برادری نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر مبارک باد دی اور اس سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دفتر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔
شرکا نے حکومت کی سفارتی اور اقتصادی کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوش حالی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔