مریخ پر فلم ’دی مارشین‘ کا مقام، خلا سے شاندار منظر سامنے آگیا
یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے) کے مارس ایکسپریس مشن نے مریخ کے اُس مقام کی انتہائی تفصیلی ویڈیو جاری کی ہے جہاں سائنس فکشن فلم ’دی مارشین‘ میں میٹ ڈیمن کو تنہا چھوڑ دیا جاتا ہے۔
ویڈیو میں تقریباً 460 کلومیٹر چوڑے شیاپریلی کریٹر کے حیران کن مناظر دکھائے گئے ہیں۔ یہ مناظر مارس ایکسپریس کے ہائی ریزولوشن کیمرا، متعدد مشاہدات سے تیار کردہ تصاویر اور مریخ کی سطح کی بلندی سے متعلق ڈیٹا کو یکجا کرکے ایک تھری ڈی منظر کی صورت میں تیار کیے گئے ہیں۔
ای ایس اے کے مطابق اتنا وسیع ہونے کے باوجود شیاپریلی کریٹر نسبتاً کم گہرا دکھائی دیتا ہے۔ ممکن ہے کہ گزشتہ اربوں برس کے دوران ہوا سے اڑ کر آنے والی مٹی، پانی سے جمع ہونے والے ذرات، لاوا یا ان تینوں کے امتزاج نے اس گڑھے کو بڑی حد تک بھر دیا ہو۔