ٹی 20 کپتانی سے ہٹائے جانے پر مایوس ہوں، سوریا کمار

میری قیادت میں ٹیم نے دو سال تک کوئی سیریز نہیں ہاری پھر تبدیلی کیوں ضروری سمجھی گئی، سابق بھارتی کپتان

فوٹو: فائل

بھارتی ٹیم کے سابق ٹی 20 کپتان سوریا کمار یادیو نے کپتانی اور اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد پہلی بار ردعمل کا اظہار کردیا۔

سوریا کمار یادیو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اس فیصلے پر ناراض نہیں لیکن مایوس ضرور ہیں۔ میری قیادت میں ٹیم نے دو سال تک کوئی سیریز نہیں ہاری، ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹس جیتے، اس کے باوجود تبدیلی کیوں ضروری سمجھی گئی؟۔

انہوں نے نئے کپتان کے بارے میں کہا کہ وہ ایک اچھے کھلاڑی اور بہترین انسان ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ ٹیم کو اچھے طریقے سے لیڈ کریں گے۔

یادیو کے مطابق انہیں کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے سے صرف تین دن قبل آگاہ کیا گیا، جبکہ سلیکٹرز نے ان کی حالیہ فارم کو بنیاد بنا کر یہ فیصلہ کیا۔ جب انہوں نے ٹیم میں اپنا نام نہ دیکھا تو وہ مسکرا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ مشکل حالات میں پُرسکون رہتے ہیں اور ہر صورتحال میں شکر گزار رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ سمجھ رہے تھے کہ وہ آئندہ دو سال تک ٹیم کی قیادت کریں گے، جس میں اولمپکس اور ایک اور ٹی 20 ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ اہل خانہ اور دوستوں نے انہیں تسلی دی اور سمجھایا کہ ایسے حالات زندگی کا حصہ ہوتے ہیں۔

Load Next Story