لاہور میں ’’پنکی‘‘ طرز کے منشیات فروشی کے نیٹ ورک کا انکشاف
لاہور میں ’’پنکی‘‘ طرز کے منشیات فروشی کے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف درج مقدمات میں ملزمان نے ویڈ اور آئس ڈیلر کے نام کا انکشاف کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے لاہور منشیات سپلائی کی جا رہی ہے، جبکہ پولیس ریکارڈ کے مطابق آئس اور ویڈ کا بڑا ڈیلر اسلام آباد کے ای الیون کا رہائشی ہے۔ ویڈ اور آئس سپلائی ڈیلر کا نام احمد عرف پیر لالہ خان ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ڈی اور انویسٹی گیشن ونگ تاحال ڈرگ ڈیلر احمد عرف پیر لالہ خان کو تلاش کرنے میں ناکام ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور پولیس کے درمیان رابطے کے فقدان کی وجہ سے بھی احمد عرف پیر لالہ خان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
پولیس ذرائع کے مطابق احمد عرف پیر لالہ صرف لاہور میں منشیات سپلائی کرتا ہے اور اس کا پولیس کی ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژن میں مضبوط نیٹ ورک ہے۔ ڈیفنس، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، کینٹ سمیت پوش ایریاز میں ہائی سوسائٹی کو ویڈ اور آئس احمد عرف پیر لالہ ہی سپلائی کرتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق منشیات فروشوں نے نہ صرف علاقے بلکہ شہر بھی تقسیم کیے ہوئے ہیں۔ جس طرح پنکی لاہور بیٹھ کر منشیات کراچی سپلائی کرتی تھی، اسی طرح احمد عرف پیر لالہ خان اسلام آباد بیٹھ کر لاہور منشیات سپلائی کرتا ہے۔
سی سی ڈی پولیس ذرائع کے مطابق احمد عرف پیر لالہ خان لاہور میں طویل عرصے سے ڈرگز سپلائی کے مکروہ دھندے میں ملوث ہے، تاہم سی سی ڈی اور انویسٹی گیشن ونگ تاحال اسے تلاش کرنے میں ناکام ہیں۔