ایران کا متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا دعویٰ

حملے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق سامنے نہیں آئی

تہران: ایران نے متحدہ عرب امارات کے المنہاد ایئر بیس پر ڈرون حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی فوج نے اس کارروائی میں اس مقام کو نشانہ بنایا جہاں امریکی فوجی اہلکار اور ہیلی کاپٹرز موجود تھے۔

رائٹرز کے مطابق ایرانی فوج نے بتایا کہ المنہاد ایئر بیس پر ڈرون حملہ کیا گیا، تاہم فوری طور پر اس کارروائی میں ہونے والے ممکنہ نقصان یا جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

ایرانی فوج کے مطابق یہ حملہ جزیرہ لارک پر پاسداران انقلاب کے اہلکاروں اور ایرانی شہریوں کی ہلاکت کے جواب میں کیا گیا۔ تہران کا مؤقف ہے کہ المنہاد ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا اسی کارروائی کا ردعمل ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے دوران خطے میں امریکی فوجی اڈے پہلے بھی ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی دھمکیوں اور کارروائیوں کا مرکز رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں موجود المنہاد ایئر بیس بھی خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم مقام سمجھا جاتا ہے۔

ایرانی دعوے کے بعد متحدہ عرب امارات میں سکیورٹی صورتحال پر بھی توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔ تاہم حملے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز اور خطے میں فوجی سرگرمیوں کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر ہونے والے حملوں کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، جبکہ امریکا خطے میں اپنی افواج اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

Load Next Story