کراچی: یونیورسٹی روڈ پر جیولری مارکیٹ میں ڈکیتی کی نئی فوٹیج سامنے آگئی

فرار ہوتے وقت ملزمان پر جیولری شاپ کے مالک کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی

کراچی:

یونیورسٹی روڈ پر واقع شاپنگ سینٹر میں 3 جیولری شاپس پر ڈکیتی کا معاملہ، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

پولیس نے شاپنگ سینٹر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی مزید فوٹیجز حاصل کرلیں، فوٹیج میں ملزمان کو اسلحہ تھامے اور فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں 7 سے 8 مسلح ملزمان کو مارکیٹ میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزمان کو دکان کے اندر سے تھیلا لے جاتے اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

فرار ہوتے وقت ملزمان پر جیولری شاپ کے مالک کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی، عقب سے آنے والے ایک ملزم نے لات مار کر جیولری شاپ کے مالک کو گرا دیا اور فرار ہوگیا۔

پولیس نے ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ متاثرہ جیولر مجتبیٰ کی مدعیت میں مبینہ ٹاؤن تھانے میں درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق مسلح ڈاکوؤں کی تعداد 7 تھی جوکہ 4 موٹرسائیکلوں پرسوارتھے، ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر 3 جیولری شاپس میں ڈکیتی کی واردات انجام دی۔

ڈاکو تقریباً 1 کلو 800 گرام کے طلائی زیورت ، 8 کلو چاندی اورمکس مال سے بھرا تھیلا اورایک موبائل فون  لوٹ کر فرار ہوئے، دوران واردات ایک جیولرکی جانب سے مسلح ڈاکوؤں پر فائرنگ کی گئی تو ایک عقب سے آنے والے ڈاکو نے جیولر کو لات مارکرا دیا اورجیولر کا اسلحہ بھی اٹھا لیا۔ شاپنگ مال کے باہر موجود چوکیدار کی جانب بھی مسلح ڈاکوؤں پرفائرنگ کی گئی لیکن وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

Load Next Story