وزیراعظم کی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بشکیک میں منعقدہ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے ان کا استقبال کیا۔
افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچنے والے مختلف ممالک کے سربراہان، وزرائے اعظم اور عالمی رہنما بھی شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف ممالک کے رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ وزیراعظم نے روسی صدر ولادیمر پوتن، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف سے ملاقات کی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بشکیک میں منعقدہ چھٹی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں وزیرِ اعظم کی تقریب میں شریک مختلف ممالک کے صدور و وزراء اعظم و عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں.
— PMLN (@pmln_org) August 31, 2026
وزیرِ اعظم کی روسی صدر ولادیمر پوتن، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو… pic.twitter.com/LSlwmoKXXK
اس کے علاوہ وزیراعظم کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولیتھ، ٹوگو کے صدر فاؤرے گناسنگبے اور منگولیا کے صدر اوخناگین خورلسوخ سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان کا دستہ بھی شریک ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی اسٹیڈیم آمد پر وزیراعظم نے کھڑے ہوکر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی دستے کو بھرپور داد دی۔
Delighted to watch Pakistan’s contingent participate in the 6th World Nomad Games being held in Bishkek, Kyrgyzstan. Our athletes carry the colours of a proud nation into a celebration of heritage, skill and sportsmanship.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 31, 2026
My best wishes to Team Pakistan ! pic.twitter.com/cjo09DIc45
پاکستانی کھلاڑی نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ یہ بین الاقوامی کھیلوں کا مقابلہ وسطی ایشیا کی مختلف اقوام کے روایتی کھیلوں اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔
نومیڈ گیمز میں کشتی، ہارس ریس، تیر اندازی، روایتی شکار اور مختلف ذہنی و فکری کھیل شامل ہیں۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ان کھیلوں کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔