راولپنڈی میں طوفانی بارش سے کتنے برس کا ریکارڈ ٹوٹا اور کہاں کتنے بادل برسے؟ جانیے
راولپنڈی میں طوفانی بارش نے 16 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، مختلف علاقوں میں 230 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق نیو کٹاریاں میں سب سے زیادہ 230 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ شمس آباد میں 203، چکلالہ میں 206 اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے نالہ لئی کے اطراف رہنے والے شہریوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے۔
دوسری جانب چیف واٹر انجینئر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ محمد عتیق نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں نے 16 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، اس سے قبل ایسی بارش 2010 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایت پر تمام عملہ ہائی الرٹ ہے اور تاحال کسی ہنگامی صورتحال کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں نسبتاً کم بارش ہوئی جبکہ نالہ لئی کے اپ اسٹریم علاقوں میں بارش زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے اور رہائشی 24 گھنٹے رابطہ کر سکتے ہیں۔
چیف انجینئر کے مطابق کنٹونمنٹ کو 6 حصوں میں تقسیم کر کے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور کنٹرول روم میں موصول ہونے والی ہر کال پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔