کراچی؛ گھر میں چوری میں ملوث ملزمہ گرفتار، 15 تولہ سونے کے زیورات و دیگر سامان برآمد
فوٹو: پولیس
کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے گھر میں چوری کی واردات کا سراغ لگا کر ایک ملزمہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 15 تولہ سے زائد طلائی زیورات و دیگر سامان برآمد کرلیا اور ملزمہ کے بھائی کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
ایس ایچ او شاہ فیصل زاہد حسین نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 29 اگست کو شاہ فیصل ریتہ پلا بلاک 2 میں قائم گھر کے تالے توڑ کر چوری کی واردات میں طلائی زیورات، نقدی اور جائیداد کی فائلیں چوری کی گئیں تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوع کا دورہ کر کے دستیاب شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے تکنیکی وسائل اور خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر چوری کی واردات میں ملوث ملزمہ فائزہ کو گرفتار کیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ 15 تولے سے زائد سونے کے زیورات، نقد رقم، لیپ ٹاپ، موبائل فونز، مختلف مکانات اور پلاٹس کی پراپرٹی فائلیں اور دیگر دستاویزات برآمد کرلیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جس گھر میں چوری کی واردات کی گئی تھی، وہ ملزمہ کے قریبی رشتے دار کا ہے، واردات میں ملزمہ کا بھائی بھی شامل تھا جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔