پاک برطانیہ تجارت بڑھانے پر اتفاق، پاکستان کے کردار کی عالمی سطح پر تعریف، اسحاق ڈار

وزیراعظم شہباز شریف کو دنیا بھر سے اتنے دعوت نامے موصول ہوتے ہیں کہ انتخاب کرنا مشکل ہو جاتا ہے

اسلام آباد:

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کے ساتھ چند ہفتے قبل منیلا میں بھی ملاقات ہوئی تھی جہاں انسداد دہشت گردی، تجارت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق برطانیہ میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے معاملے پر بھی بات ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاک برطانیہ تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ برطانیہ کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان امن کے لیے پاکستان کے کردار کو برطانوی حکام نے سراہا۔

برطانوی وزراء نے مشکل وقت میں پاکستان کے اہم کردار کی تعریف کی۔

نائب وزیراعظم کے مطابق برطانوی وزراء نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی بھی تعریف کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کر دیا گیا ہے اور ملک کے ڈیفالٹ کا خدشہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو دنیا بھر سے اتنے دعوت نامے موصول ہوتے ہیں کہ انتخاب کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جسے تاریخ میں ایک سنہری باب کے طور پر لکھا جائے گا۔

Load Next Story