ایس ای سی پی کا بڑا اقدام؛ 28 ہزار 761 کمپنیوں کو شوکاز نوٹسز جاری
ایس ای سی پی نے کارپوریٹ شفافیت یقینی بنانے کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے حتمی مالکان کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 28 ہزار 761 کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیے۔
ایس ای سی پی کے مطابق متعلقہ کمپنیوں نے الٹی میٹ بینیفیشل اونر سے متعلق لازمی فارم 19 جمع نہیں کرایا تھا۔ کمپنی میں 25 فیصد یا زائد حصص یا ووٹنگ حقوق رکھنے والا شخص حتمی مالک تصور ہوگا۔
ایس ای سی پی کے مطابق کمپنی پر براہِ راست یا بالواسطہ مؤثر کنٹرول رکھنے والا شخص بھی حتمی مالک تصور ہوگا۔ حتمی مالکان کی تفصیلات فراہم کرنا کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت لازم ہے۔
متعلقہ کمپنیوں کو فارم 19 جمع کرانے کے لیے 30 روز کی مہلت دی گئی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق مقررہ مدت میں تعمیل نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔