جھوٹی اور فحش ویڈیوز سے کردار کشی سیاست نہیں، خواتین پر حملہ ہے، عظمیٰ بخاری

جھوٹ اور کردار کشی کے ذمہ داروں کو قانون کے سامنے جواب دینا ہوگا، صوبائی وزیر

فوٹو: فائل

لاہور:

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جھوٹی اور فحش ویڈیوز سے کردار کشی سیاست نہیں، خواتین پر حملہ ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یو ٹیومرز اور پراپیگنڈا سیل کے لیے یہ ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق میں نے خود عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ فلک جاوید کو جیل سے لاکر عدالت میں پیش کیا جائے،  تاکہ ملزمہ کی موجودگی میں اپنا بیان ریکارڈ کرا سکیں۔ وہ جرح کے لیے بھی مکمل طور پر تیار تھیں اور خاصا وقت انتظار کرتی رہیں تاکہ ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمہ کے وکلاء نے آج پھر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دے دی۔ اب عدالت نے واضح کردیا ہے کہ 12 ستمبر 2026 صبح 10 بجے جرح کے لیے آخری موقع ہوگا اور مزید کوئی التوا نہیں دیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملزمہ کے وکلاء کو مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونا ہوگا، بصورت دیگر ان کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ایک خاتون کی عزت، کردار اور وقار کو جھوٹی اور فحش ویڈیوز کے ذریعے نشانہ بنانا محض سیاسی اختلاف نہیں بلکہ خواتین کی عزت اور وقار پر براہِ راست حملہ ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فیک نیوز، جھوٹ اور کردار کشی کو سیاست کا ہتھیار بنانے والوں کو اب عدالت میں جواب دینا ہوگا۔ غلط رپورٹنگ اور عدالتی کارروائی میں خلل ڈالنے کا معاملہ بھی عدالت کے سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے واضح کیا کہ ایسی بدنظمی آئندہ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ذمہ دار افراد کے خلاف دفعہ 352(1) ضابطۂ فوجداری کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اب مزید تاخیر نہیں، جرح ہوگی اور حقائق سامنے آئیں گے۔ جھوٹ اور کردار کشی کے ذمہ داروں کو قانون کے سامنے جواب دینا ہوگا۔

Load Next Story