راولپنڈی: مویشیوں کے ڈیرے پر 23 سالہ شادی شدہ شخص مبینہ طور پر قتل

مقتول اہلیہ کے ساتھ مویشیوں کے ڈیرے پر کام کرتا تھا، مبینہ طور پر رسیوں سے باندھ کر کنپٹی پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا

راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے بگا شیخاں میں 23 سالہ شادی شدہ شخص پراسرار حالات میں مبینہ طور پر قتل ہوگیا۔

مقتول مصیب رضا اہلیہ کے ساتھ اقبال کے مویشیوں کے ڈیرے پر کام کرتا تھا، جسے مبینہ طور پر رسیوں سے باندھ کر کنپٹی پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

مقتول کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا، والد نے مقتول کی اہلیہ اور مویشیوں کے ڈیرے کے مالک پر قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

والد کے مطابق 23 سالہ بیٹے مصیب کی شادی مسماۃ تہمینہ بی بی سے ہوئی تھی، دونوں میاں بیوی اقبال کے مویشیوں کے ڈیرے پر ملازمت کرتے تھے۔

مدعی مقدمہ کے الزام کے مطابق بہو کے اقبال کے ساتھ مبینہ تعلقات استوار ہوگئے تھے، دونوں نے مل کر اس کے بیٹے کو رسیوں سے باندھ کر کنپٹی پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، مقتول کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے اور مقدمہ درج کرکے تفتیش جاری ہے۔
 

Load Next Story