پی ایم اینڈ ڈی سی کا ہاؤس آفیسرز کے لیے فائر سیفٹی ٹریننگ لازمی کرنے کا فیصلہ

یہ ٹریننگ ہاؤس جاب کا لازمی حصہ ہوگی جس میں ایمرجنسی کے دوران مریضوں کے محفوظ انخلا کی تربیت دی جائے گی، ڈاکٹر رضوان

—فائل فوٹو

پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 معصوم بچوں کے لقمہ اجل بننے کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے ہاؤس آفیسرز کے لیے فائر سیفٹی ٹریننگ کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کرلیا۔

پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق یہ ٹریننگ اب ہاؤس جاب کا لازمی حصہ ہوگی۔ تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ہاؤس آفیسرز کو فائر سیفٹی، ایمرجنسی ڈرلز اور مریضوں کے محفوظ انخلا کی عملی تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز اور تدریسی ہسپتالوں میں باقاعدہ فائر سیفٹی مشقیں کرائی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق تربیت کے دوران ہاؤس آفیسرز کو فائر ہیزرڈز کی نشاندہی اور فائر فائٹنگ آلات کے درست استعمال کی عملی تربیت دی جائے گی۔

ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ ہنگامی حالات میں طبی عملے، مریضوں اور طلبہ کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے فوری اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت پیدا کی جائے گی۔

ادارے نے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں موجودہ فائر سیفٹی پروٹوکولز کے جامع جائزے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جبکہ مستقبل میں اس تربیت کو پوسٹ گریجویٹ طلبہ تک وسعت دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں صرف ریسپانس ٹیموں پر انحصار کے بجائے پیشگی تیاری کو ترجیح دی جائے گی تاکہ محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

Load Next Story