یومِ دفاع کی مناسبت سے اسلام آباد سے مظفرآباد تک کاروانِ کشمیر کار ریلی کا انعقاد

ریلی میں شریک افراد نے پاکستانی قوم کا سربلند کرنے پر فیلڈ مارشل کا خصوصی شکریہ ادا کیا

اسلام آباد:

یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ورلڈ کشمیر فورم کے زیرِ اہتمام اسلام آباد سے مظفرآباد تک کاروانِ کشمیر کار ریلی منعقد کی گئی۔

کار ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی، کار ریلی کا مقصد کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور امن و اتحاد کا پیغام دینا تھا۔ کاروانِ کشمیر کے شرکاء نے یادگارِ فتح اسلام آباد سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی پرچم لہراتے ہوئے مظفرآباد کا سفر شروع کیا۔

 شرکاء نے بھرپور خراجِ عقیدت کیلئے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور دفاعِ پاکستان و کشمیر کے خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا۔ کاروانِ کشمیر ریلی میں شریک افراد نے پاکستان کی عوام کا سربلند کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

سیکریٹری فنانس ورلڈ کشمیر فورم رفیق سلیمان کا کہنا ہے کہ ریلی آزادیِ کشمیر کے عزم اور پاکستان کے ساتھ کشمیری عوام کی یکجہتی کے اظہار کیلئے نکالی گئی۔ ریلی کا مقصد 6 ستمبر کے شہداء اور جدوجہدِ آزادی میں قربان ہونے والے فرزندانِ کشمیر کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

Load Next Story