روس میں برفانی تودہ گرنے سے 11 افراد ہلاک، 6 لاپتہ

ریسکیو آپریشن میں 50 سے زائد امدادی اہلکار حصہ لے رہے ہیں

روس کے شمالی قفقاز کے علاقے کاباردینو بلکاریا میں ماؤنٹ میزھرگی سے برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں کم از کم 11 کوہ پیما ہلاک اور 6 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ شام بیزینگی گھاٹی میں پیش آیا، جہاں 33 کوہ پیماؤں کا گروپ موجود تھا۔

حکام کے مطابق 10 افراد خود محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے جبکہ 6 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ 

ریسکیو آپریشن میں 50 سے زائد امدادی اہلکار حصہ لے رہے ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقے اور مزید برفانی تودے گرنے کے خطرے کے باعث تلاش کا کام مشکل ہے۔ روسی حکام نے واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔ 

Load Next Story