بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں طلبہ کے زیر استعمال نجی ہاسٹل کی پانچ منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم 7 طلبہ ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق جنوبی دہلی میں عمارت گرنے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو ٹیموں نے اب تک 11 افراد کو ملبے سے نکال لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 30 سے 50 طلبہ کے ملبے تلے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت کے تہہ خانے میں پانی جمع تھا اور وہاں مرمتی کام جاری تھا، جس کے دوران عمارت گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ تاہم حادثے کی حتمی وجہ کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
سوشل میڈیا پر حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں عمارت کے اچانک منہدم ہونے کے بعد قریبی افراد کو محفوظ مقام کی جانب بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا کر مزید افراد کی تلاش کررہی ہیں۔ رائٹرز کی تازہ رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر عمارت میں طلبہ سمیت متعدد افراد موجود تھے اور امدادی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں۔