کراچی: منشیات اسمگلنگ کے مقدمے میں 9 ملزمان کو عمر قید

ملزمان پر فی کس 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد

کراچی:

انسدادِ منشیات عدالت نے منشیات اسمگلنگ کے مقدمے میں 9 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔

عدالت نے ملزمان پر فی کس 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزمان کو مزید قید بھگتنا ہوگی۔

ملزمان میں نور خان، نذر محمد، عبدالحکیم، ندیم احمد اور دیگر شامل ہیں، پراسیکیوٹر عبد الحنان کے مطابق اے این ایف نے ستمبر 2023 میں مبارک ولیج کیماڑی کے قریب کارروائی کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

گرفتار ملزمان سے 525 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن اور 48 کلو گرام ہیروئن بھی برآمد ہوئی تھی۔

وکیل صفائی نے کہا کہ ملزمان غریب ماہی گیر ہیں جنہیں جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا، ملزمان کو اے این ایف نے نہیں بلکہ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے گرفتار کیا تھا، کیس میں کوئی کشتی بھی قبضے میں نہیں لی گئی۔

عدالت نے دفاع کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے 9 ملزمان کو مجرم قرار دے دیا۔

Load Next Story