یوم دفاع پاکستان تاریخ کا روشن ترین دن ہے، مسلم لیگ ن سعودی عرب
سعودی عرب میں مسلم لیگ ن کے عہدیداران نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان ہماری تاریخ کا روشن ترین دن ہے جب مسلح افواج نے ملکی دفاع کو یقینی بنا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سرپرست اعلیٰ مسعود پوری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکاء نے جنگ ستمبر 1965 اور معرکہ حق بنیان مرصوص کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سرپرست اعلیٰ مسعود پوری، صدر شیخ سعید احمد، محمود الحق ڈوگر، عدنان اقبال بٹ اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاک فوج اور پاکستان کی مسلح افواج پوری قوم کا فخر ہیں، جنہوں نے ہمیشہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جس انداز سے دنیا میں امن کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن سعودی عرب ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔
اجلاس میں پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ افواج پاکستان کے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی بھی دعا کی گئی۔