سمندری حدود کے نگہبانوں کو قوم کا سلام، ملک بھر میں آج یوم بحریہ منایا جارہا ہے
سمندری حدود کے نگہبانوں کو قوم کا سلام، ملک بھر میں آج 8 ستمبر کو یوم بحریہ منایا جارہا ہے۔
جنگ ستمبر 1965 میں پاک بحریہ نے اپنی صلاحیتوں اور بہادری کا لوہا منوایا، سمندری حدود کے دفاع کے ساتھ ساتھ دشمن کیخلاف اہم کارروائیاں انجام دیں، آپریشن دوارکا کو بحریہ کی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
کراچی سے تقریبا 350 کلو میٹر دور دوارکا کو بھارت کے دفاعی قلعے کی حیثیت حاصل تھی، ریڈار اسٹیشن سے بھارتی فضائیہ کو مدد فراہم کی جا رہی تھی، پاک بحریہ نے ریڈار اسٹیشن کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا۔7 جنگی جہازوں پر مشتمل پاک بحریہ کا جنگی بیڑا ریڈیو سگنلز کے بغیر آگے بڑھا، بحری فوج نے چند منٹ کےدوران بھارتی ریڈار سٹیشن مکمل تباہ کر دیا۔
اسلام آباد کے نیول ہیڈکوارٹرز میں یومِ بحریہ کی مناسبت سے یادگارِ شہداء پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نےیادگارِشہداء پرحاضری دی،فاتحہ خوانی کی اور پاک بحریہ کےشہداء کی عظیم قربانیوں کوخراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، چیف پیٹی آفیسرز،سیلرز،نیوی سویلینز اورشہداء کے اہلِ خانہ نے شرکت کی،چیف آف نیول اسٹاف نےشہداء کےاہلِخانہ سےبھی ملاقات کی اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ بحریہ پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ وطن کی سمندری حدود، قومی مفادات اور بحری تجارت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ کا بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف تاریخی آپریشن’سومناتھ‘ اس کی شجاعت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے آپریشنل تیاری اور پیش قدمی کے ذریعے پاکستان کے بحری مفادات کا مؤثر دفاع کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یومِ بحریہ 1965 کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے عزم، شجاعت اور ثابت قدمی کی یاد تازہ کرنے والا قابلِ فخر دن ہے۔ پاک بحریہ نے آپریشن ’سومناتھ‘ کے ذریعے دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ آبدوز ’غازی‘ کی موجودگی نے دشمن کی نقل و حرکت پر دباؤ بڑھایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے اعلیٰ عملی تیاری کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث عددی برتری رکھنے والا دشمن سمندر میں کسی جارحانہ کارروائی سے باز رہا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے بہادرسپوتوں کی عظیم قربانیوں اور بے مثال کارناموں کو خراجِ تحسین پیش کیا، کہا کہ 8 ستمبر 1965 پاک بحریہ کی تاریخ ساز کامیابیوں کادرخشاں باب ہے، آپریشن دوارکامیں پاک بحریہ نے دشمن کےغرورکو خاک میں ملادیا اور 1965 کی جنگ میں دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے 8 ستمبرکوسمندری سرحدوں کادفاع کرکےتاریخ رقم کی،معرکۂ حق میں بھی پاک بحریہ مستعد اورچاق و چوبند رہی اوردشمن کراچی پرحملےکی جرات نہ کرسکا،ملکی سمندری حدود کی محافظ پاک بحریہ پر پوری قوم کو فخر ہے،شہدائے پاک بحریہ کی عظیم قربانیاں قوم کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یوم بحریہ کی مناسبت سے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان نیوی نے ہر موقع پر اپنی شاندار پیشہ ور صلاحیت کا بھرپور مظاہر ہ کر کے دشمن پر اپنی برتری ثابت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے 8 ستمبر کے روزتاریخی آپریشن میں کامیابی حاصل کر کے دشمن پر اپنی برتری کی دھاک بیٹھادی۔ پاک بحریہ بحری تجارت کے فروغ اورتحفظ کیلئے شاندار کردارادا کررہی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم بحریہ پر قوم کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 8 ستمبر کا دن 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سنہ 1965ء میں پاک بحریہ کے 25 ویں ڈسٹرائر اسکواڈرن نے دشمن کے خلاف کامیاب کارروائی کی، پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع میں پاک بحریہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔