اگست میں کارکنوں کی ترسیلاتِ زر 3.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں
اگست 2026 میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں پاکستان کو 3.7 ارب امریکی ڈالر موصول ہوئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ترسیلات زر میں سال بہ سال 16.5 فیصد جبکہ ماہ بہ ماہ 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا اگست مالی سال 2026-27 کے دوران کارکنوں کی مجموعی ترسیلات زر 7.3 ارب ڈالر ہوگئیں۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.4 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔ اس طرح رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں ترسیلات زر 14.7 فیصد بڑھ گئیں۔
اگست 2026 کے دوران ترسیلات زر کا سب سے بڑا حصہ سعودی عرب سے موصول ہوا، جہاں سے پاکستانی کارکنوں نے 873.5 ملین ڈالر بھیجے۔ متحدہ عرب امارات سے 749.8 ملین ڈالر اور برطانیہ سے 563.7 ملین ڈالر موصول ہوئے۔
اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق اگست میں امریکا سے بھی پاکستانی کارکنوں کی جانب سے 308.9 ملین ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔
ترسیلات زر میں مسلسل اضافے سے ملک میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے آنے والے زرمبادلہ کی مجموعی آمد میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔