پاکستان کا فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمد اشیا پر برطانوی پابندی کا خیرمقدم

فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، دفتر خارجہ

مقبوضہ فلسطینی علاقے میں نئی اسرائیلی بستی کے قیام کا منظر (فوٹو : رائٹر)

اسلام آباد:

پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیا پر پابندی عائد کرنے کے برطانوی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، غیر قانونی اسرائیلی آبادکاری دو ریاستی حل کے حصول اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

یہ پڑھیں : برطانیہ نے اسرائیل کے یہودی آبادکاری منصوبے کو غیرقانونی قرار دیدیا؛ سخت پابندیوں کا اعلان

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین اور سویڈن سمیت دیگر ممالک کی جانب سے بھی اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کرنے کے اعلانات کا خیرمقدم کیا، یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی کارروائیوں کو مسترد کرنے کا واضح اور دوٹوک پیغام دیں گے کیوں کہ پاکستان فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار، آزاد اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا،  فلسطینی ریاست 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر قائم ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔

Load Next Story