ٹرمپ کو بڑا جھٹکا، مشیروں نے ایران جنگ پوری صدارتی مدت تک جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کردیا

ایران کے ساتھ جاری کشیدگی نے امریکا کے لیے فوجی، سفارتی اور علاقائی سطح پر متعدد چیلنجز پیدا کیے ہیں

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلیٰ مشیروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع ان کی موجودہ صدارتی مدت کے اختتام تک بھی جاری رہ سکتا ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت وائٹ ہاؤس کے اہم مشیروں نے نجی طور پر صدر ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع جلد ختم نہ ہونے کی صورت میں یہ ان کی باقی صدارتی مدت تک طول پکڑ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ ایران کے ساتھ تنازع کے خاتمے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم اعلیٰ حکام کے خدشات سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایک طویل جنگ کے امکان کو بھی مدنظر رکھ رہا ہے۔

ایران کے ساتھ جاری کشیدگی نے امریکا کے لیے فوجی، سفارتی اور علاقائی سطح پر متعدد چیلنجز پیدا کیے ہیں۔ تنازع کے طول پکڑنے کی صورت میں مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی، خطے کی سکیورٹی اور عالمی توانائی کی منڈی پر بھی مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ آئندہ کون سی حکمت عملی اختیار کرے گی۔ تاہم مشیروں کی جانب سے طویل تنازع کے خدشے کا اظہار اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وائٹ ہاؤس فوری جنگ بندی کے بجائے ایک طویل بحران کے امکان کے لیے بھی تیاری کر رہا ہے۔

Load Next Story