سوراب: مسلح افراد کی فائرنگ، خاران پریس کلب کے صدر محمد عارف کا ایک بیٹا جاں بحق، دوسرا زخمی
بلوچستان کے ضلع سوراب میں بدھ کے روز نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے کی گئی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں خاران پریس کلب کے صدر صحافی محمد عارف کا ایک بیٹا جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب پیش آیا۔ دونوں بھائی دیگر دو دوستوں کے ہمراہ کراچی سے علاج کراکر کوئٹہ آرہے تھے، جاں بحق کی لاش اور زخمی کو قلات اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اچانک پیش آیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کے ساتھ ساتھ گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔
پولیس نے جاں بحق زین عارف کی میت لواحقین کے حوالے کر دی ہے، تاحال حملہ آوروں کی شناخت اور فائرنگ کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم سکیورٹی سخت کر کے واقعے کے محرکات معلوم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔