آئی اے ای اے کے اقدامات سے بعض ممالک این پی ٹی چھوڑ سکتے ہیں، ایران کی وارننگ

آئی اے ای اے کے اقدامات جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی نظام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں، محسن رضائی


ویب ڈیسک September 11, 2026

تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے آئی اے ای اے کے سیاسی اور غیر مؤثر اقدامات کے باعث بعض ممالک جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے معاہدے این پی ٹی سے دستبردار ہوسکتے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے سوشل میڈیا پر بیان میں یہ بات آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی جانب سے ایران کے خلاف قرارداد منظور کیے جانے کے ایک روز بعد کہی۔

35 رکنی آئی اے ای اے بورڈ نے قرارداد کے ذریعے ایران کو اپنی جوہری عدم پھیلاؤ کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو رپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محسن رضائی نے قرارداد کو ’غیر قانونی، تکنیکی بنیاد سے عاری اور مکمل طور پر سیاسی‘ قرار دیتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس اقدام پر امریکا اور اسرائیل کا دباؤ واضح نظر آتا ہے۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق آئی اے ای اے کے ایسے اقدامات جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی نظام اور سفارتی کوششوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

ایران کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران کے جوہری پروگرام اور عالمی ادارے کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔