27 ستمبر احتجاج؛ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کیلیے رابطے، سیاسی سرگرمیاں تیز
(فوٹو: اے آئی جنریٹڈ)
اپوزیشن جماعتوں نے 27 ستمبر کے احتجاج کی بھرپور تیاری کا فیصلہ کرلیا، جبکہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے چیمبر میں ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں نے تفصیلی مشاورت کی۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔
اپوزیشن نے ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں ملکی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی لائحہ عمل پر غور ہوگا۔
دریں اثنا تحریک تحفظ آئین کا اجلاس 15 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے خط کے بعد اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے دفاتر کے درمیان رابطوں کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات طے کرنے کے لیے مشاورت بھی شروع کردی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کے مارچ سے متعلق گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا وفد آج سہ پہر 3 بجے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا وفد ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے گا۔