پاکستان اور لبنان کا دہشتگردی، منشیات اور سائبر کرائم کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور لبنان کے مابین دہشت گردی، منشیات اور سائبر کرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے آج وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔
ملاقات میں سیکیورٹی تعاون، دہشتگردی، منشیات، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان پولیس اکیڈمیز اور تربیتی پروگرامز کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں دونوں وزارت داخلہ کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کے لیے ایم او یو پر جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوطرفہ کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے فوکل پرسنز بھی مقرر کیے جائیں گے۔
دونوں جانب سے دہشت گردوں اور ڈرگ مافیا کی سرکوبی اور سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے انٹیلیجنس شیئرنگ پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد منشیات کے شعبے میں ایم او یو پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور لبنان کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کے حامل افراد کو ویزہ فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لبنانی ہم منصب سے کہا کہ امید ہے ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔
لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برادر ملک ہے اور لبنان مشترکہ مفادات کے شعبوں، خصوصاً داخلی سیکیورٹی میں تعاون کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ لبنانی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا اور ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن بھی موجود تھے۔
چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔