مکہ مکرمہ پر حوثیوں کا حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ تصور ہوگا، فضل الرحمان

حملہ ہوا تو امت مسلمہ پوری شدت سے جواب دے گی اور سعودی عرب کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا

اسلام آباد:

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر حوثیوں کا حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ تصور ہوگا، مکہ مکرمہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ کروڑوں اربوں مسلمانوں کی عقیدتوں کا مرکز ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر یہ حملہ ہوا تو بدبخت حملہ آور عالم اسلام کے غیض وغضب سے نہیں بچ پائیں گے، امت مسلمہ پوری شدت سے اس حملے کا بھرپور جواب دے گی اور سعودی عرب کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، مسلمان ممالک بالخصوص پاکستان اس نازک اور مشکل وقت میں سعودی عرب اور حرم مکی کے تحفظ میں صف اول کا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے حوالے سے واضح پالیسی کا فوری اعلان کرے، امت مسلمہ کو آئے روز درپیش چینلجزسے مضبوط اور مؤثر  اسلامی بلاک کے قیام کی ضرورت پہلے سے بڑھ کر محسوس کی جا رہی ہے، جمعیت علماء اسلام کے لاکھوں کارکن مملکت سعودیہ پر حملے کے دکھ درد میں شریک ہیں، سعودی عرب پر حملے نے امریکہ اور مغربی دنیا کے دوغلے رویے کو ایک بار پھر بے نقاب کردیا۔

Load Next Story