پاکستانی پانڈا بانڈ کی ریکارڈ طلب اور شاندار پذیرائی، عالمی اعزاز حاصل

پانڈا بانڈ سے حاصل رقم پانی، توانائی و صحت کے شعبوں کے جامع منصوبوں میں استعمال کی جارہی ہے، مشیر وزیر خزانہ

پاکستان کو پائیدار خودمختار پانڈا بانڈ کے اجرا پر 2026 ایشیا بحرالکاہل کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں عالمی اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔

بانڈ کو سرمایہ کاروں کی جانب سے جاری کردہ حجم سے 5 گنا سے بھی زیادہ طلب موصول ہوئی ہے۔ اس حوالے سے مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے مئی 2026 میں اپنا پہلا پائیدار پانڈا بانڈ جاری کیا، جس کا مجموعی حجم ایک ارب 75 کروڑ چینی یوآن تھا۔

خرم شہزاد نے بتایا کہ 3 سالہ پانڈا بانڈ 2.5 فیصد کوپن ریٹ پر جاری کیا گیا، جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے بانڈ کی طلب اس کے جاری کردہ حجم کے 5 گنا سے بھی زیادہ رہی۔ پانڈا بانڈ سے حاصل ہونے والی رقم پانی، توانائی اور صحت کے شعبوں میں پائیدار اور سماجی طور پر جامع منصوبوں کے لیے استعمال کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون، عالمی سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے لیے نئے مواقع کی بنیاد بن رہا ہے۔  پانڈا بانڈ کی ریکارڈ طلب کو پاکستان کی معاشی بحالی اور استحکام کا واضح ثبوت قرار دیا گیا ہے۔

خرم شہزاد نے کہا کہ پانڈا بانڈ کی عالمی سطح پر پذیرائی سے پاکستان اور چین کے مالیاتی روابط میں مزید وسعت آرہی ہے، جبکہ سی پیک کے بعد اب نجی شعبے اور کیپٹل مارکیٹ میں بھی دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہورہی ہے۔

Load Next Story