اویس لغاری کا تمام ڈسکوز کو کنزیومر پرسیپشن سروے فوری شروع کرنے کا حکم
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے تمام ڈسکوز کو کنزیومر پرسیپشن سروے فوری شروع کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ وفاقی وزیر نے سروے کے طریقہ کار، معیارات اور شیڈول کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
اویس لغاری نے کہا کہ صارفین کی رائے جاننے کے لیے سروے نیپرا کے مقررہ پیرامیٹرز کے مطابق ہونا چاہیے۔ کنزیومر پرسیپشن سروے سے ڈسکوز کی کارکردگی اور صارفین کے اطمینان کا تعین ہوگا، جبکہ سروے کے نتائج مستقبل کی پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ فریقین کو سروے کی منظوری کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کنزیومر پرسیپشن سروے ہر چھ ماہ بعد لازمی مکمل کیا جائے۔ سالانہ شیڈول میں کم از کم ایک سروے موسم گرما میں کیا جائے۔
اویس لغاری نے کہا کہ سروے صارفین کی فلاح اور خدمت کے عزم کا عملی مظہر ہے، یہ محض انتظامی کارروائی نہیں بلکہ خدمات میں بہتری کا ذریعہ ہے۔
وفاقی وزیر نے صارفین سے سروے میں دیانتدارانہ اور بلا جھجک رائے دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی سچی رائے اداروں کی کارکردگی میں بہتری کی بنیاد بنے گی۔ صارفین کی رائے سے شفاف اور باخبر فیصلوں میں مدد ملے گی اور بجلی کے شعبے میں صارفین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔