بحری رابطہ کاری؛ کراچی پورٹ کا عالمی اسکور تاریخ کی بلند ترین سطح پر
کے پی ٹی کی تمام 221 آسامیوں کے لیے کراچی کے امیدواروں کو نظر انداز کیا گیا ہے (فوٹو: فائل)
کراچی پورٹ نے عالمی بحری رابطہ کاری میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے 2026 کی دوسری سہ ماہی میں 343 کا ریکارڈ پی ایل ایس سی آئی (PLSCI) اسکور حاصل کرلیا، جو اس کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق کراچی پورٹ کی عالمی لائنر شپنگ نیٹ ورک سے رابطہ کاری میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے نتیجے میں پورٹ کا پی ایل ایس سی آئی اسکور ریکارڈ سطح تک پہنچا۔
ترجمان نے بتایا کہ تقریباً 900 عالمی بندرگاہوں کے رابطہ کاری سے متعلق اعداد و شمار کی بنیاد پر کراچی پورٹ کا یہ ریکارڈ اسکور سامنے آیا ہے۔ پاکستان کی مجموعی ایل ایس سی آئی (LSCI) درجہ بندی بھی ایک درجہ بہتر ہوئی ہے اور ملک 35ویں پوزیشن سے ترقی کرکے 34ویں درجے پر آگیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نئی درجہ بندی پاکستان کی بحری رابطہ کاری اور عالمی سمندری تجارت میں شمولیت میں مسلسل بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔ کراچی پورٹ کی بہتر رابطہ کاری سے عالمی سپلائی چینز تک پاکستان کی رسائی مزید مضبوط ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ کراچی پورٹ خطے میں ایک اہم بحری تجارتی مرکز کے طور پر اپنا کردار مزید مستحکم کررہا ہے۔