دورہ لندن کے لئے سرکاری طیارے کا استعمال ، مریم نواز نے ادائیگی کردی
وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے دورہ لندن کے لئے سرکاری طیارے کے استعمال کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
مختلف حلقوں کی جانب سے اس حوالے سے سوالات اٹھائے جانے کے بعد وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے پنجاب حکومت کو ادائیگی کردی گئی ہے۔
مریم نواز نے برطانیہ دور،طیارے پر آنے والے اخراجات خود ادا کیے، ان کی طرف سے 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار روپے کی ادائیگی کی۔
چیک سے ادائیگی کی تفصیلات بھی سامنے آ گئیں، پنجاب حکومت کو دو کروڑ اکہتر لاکھ چورانوے ہزار چار روپے کی ادائیگی کردی گئی۔
سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو واجبات کی ادائیگی کے لیے باضابطہ مراسلہ جاری کیا۔
مراسلے کے مطابق وزیراعلیٰ نے 5 سے 9 ستمبر 2026ء تک پنجاب حکومت کا طیارہ ذاتی غیر ملکی دورے کے لیے استعمال کیا، جیٹ اسٹریم انٹرنیشنل اور پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کی جانب سے طیارے کے اخراجات کے بل موصول ہوئے تھے۔
محکمہ نے وزیراعلیٰ سے 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے سرکاری خزانے میں جمع کروانے کا تقاضا کیا تھا، وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے مطلوبہ رقم 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی مکمل ادائیگی کر دی گئی۔
ادائیگی نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) ویلنشیا برانچ میں جمع کروائی گئی، رقم کی ادائیگی کے لیے بینک آف پنجاب (BoP) کا چیک استعمال کیا گیا۔