ایران جنگ پر بڑا فیصلہ جلد آنے والا ہے؛ ٹرمپ کا نیتن یاہو سے جلد ملاقات کا بھی عندیہ

آئندہ فیصلہ کرنے سے پہلے امریکی صدر خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے براہِ راست ان کی رائے بھی سننا چاہتے ہیں

اسرائیل نے ایران پر حملے روک دیئے ( اے آئی، تصوراتی تصویر)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کرنے کے حوالے سے ایک اہم فیصلے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے یہ بات امریکی صحافی بارک راوید کو دیے گئے فون انٹرویو میں کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کے سامنے جلد ایک ’’بڑا فیصلہ‘‘ آنے والا ہے۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ فیصلہ کرنے سے پہلے وہ خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے براہِ راست ان کی رائے سننا چاہتے ہیں کیونکہ انھیں یہ طے کرنا ہے کہ آیا ایرانی حکومت کے خلاف دوبارہ بڑے حملے کیے جائیں یا نہیں۔

خیال رہے کہ ٹرمپ آئندہ ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر خلیج تعاون کونسل کے چھ ممالک، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان، کے رہنماؤں یا اعلیٰ حکام سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس ملاقات میں ایران کے ساتھ جنگ کے اگلے مرحلے، خطے کی سیکیورٹی اور جنگ کے بعد کی امریکی حکمت عملی پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ فیصلہ کرنے سے قبل خلیجی اتحادیوں سے جاننا چاہتے ہیں کہ وہ موجودہ صورتحال کو کس طرح دیکھتے ہیں اور ان کے خدشات کیا ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ٹرمپ سے ملاقات کے خواہاں ہیں تاہم دونوں رہنماؤں کی ملاقات ابھی باضابطہ طور پر طے نہیں ہوئی۔

جب ٹرمپ سے نیتن یاہو سے ملاقات کے امکان کے بارے میں سوال کیا گیا تو امریکی صدر نے جواب دیا کہ ہوسکتا ہے۔

 

Load Next Story