نائب وزیراعظم سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دونوں ممالک میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے رواں سال اگست میں برطانیہ کے حالیہ دورے کے موقع پر طے پانے والی مفاہمتوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم اور وسعت دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی سے متعلق علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت بھی زیر بحث آئی اور اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔