ضمیر عباسی کی اہلیہ کی حفاظتی ضمانت منظور، ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا گیا
ضمیر عباسی کی اہلیہ خانسہ ضمیر نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، عدالت نے درخواست پر ان کی 10 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ایف آئی اے کو ضمیر عباسی کی اہلیہ کو گرفتار کرنے سے روک دیا اور درخواست گزار کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے درخواست گزار کو 10 روز میں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
ایف آئی اے نے الزام عائد کیا کہ ضمیر عباسی نے اپنے نام سے بینک اکاؤنٹ بنا کر اہلیہ اور دیگر اکاؤنٹس میں رقم منتقل کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ضمیر عباسی کی سندھ ہائیکورٹ سے گزشتہ روز ضمانت منظور کی گئی تھی۔
وکیل درخواست گزار کے مطابق ایف آئی اے نے ضمیر عباسی، ان کی اہلیہ اور دیگر فیملی ممبرز کے خلاف نیا مقدمہ درج کرلیا ہے، درخواست گزار الزامات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، انہیں گرفتاری سے روکا جائے۔