پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج، حکومت کا جماعت اسلامی سے پھر رابطہ

وفاقی وزیر احسن اقبال نے نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا اور مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا، ترجمان جماعت اسلامی

فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کا پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج اور اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ حکومت نے مذاکرات کے لیے ایک بار پھر مطالبہ کردیا۔

جماعت اسلامی کے ترجمان نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے اسلام آباد مارچ کا دباؤ بڑھا ہے اور حکومت نے ایک بار پھر جماعت اسلامی سے رابطہ کرلیا ہے اور مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے پر زور دیا ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا اور کہا کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت آج جماعت اسلامی سے مذاکرات کی خواہاں ہے۔

لیاقت بلوچ نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور سینیئر قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے تاہم پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے پانچ دور ہو چکے ہیں، پہلی بار حکومتی وفد جماعت اسلامی کو مذاکرات کی دعوت دینے منصورہ لاہور گیا تھا، مذکرات کے چار دور اسلام آباد میں منعقد ہوئے۔

جماعت اسلامی اور حکومت کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان آخری دور بدھ 16 ستمبر کو ہوا تھا۔

Load Next Story