جب تک ٹرمپ اور نیتن یاہو اقتدار میں ہیں، آبنائے ہرمز بند رہے گی؛ ایران
ایرانی سپریم لیڈر کے سیاسی مشیر کے بقول ٹرمپ اور نیتن یاہو کے اقتدار میں رہنے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی؛ (فائل فوٹو)
ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق اپنا سخت مؤقف ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے اقتدار میں رہنے تک اہم بحری گزرگاہ نہیں کھولی جائے گی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے سیاسی مشیر محمد باقر ذوالقدر نے یہ بات 200 روزہ مزاحمت کے حوالے سے جاری اپنے خصوصی بیان میں کہی۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کی بندش کو ایران کے انتقام کے پہلے مرحلے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے گزشتہ 200 دن ایرانی عوام کی مزاحمت اور ثابت قدمی کا مظہر ثابت ہوئے ہیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای کے سیاسی مشیر نے مزید کہا کہ ایران کئی دہائیوں سے اپنی شناخت، آزادی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے بیرونی طاقتوں کے خلاف کھڑا ہے اور آج بھی محاذ پر ڈٹا ہوا ہے۔
محمد باقر ذوالقدر نے دعویٰ کیا کہ مخالفین ایران کو چند روز میں شکست دینے کی توقع رکھتے تھے تاہم ایرانی قوم نے یہ کوشش ناکام بنادی۔
انھوں نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ میں اپنی جان قربان کرنے والے ایرانی رہنما، میناب اسکول کے بچوں، لامرد کے نوجوانوں، بامپور کے فوجیوں اور جنگی جہاز ’دینا‘ کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز تیل و گیس کی ترسیل کے لیے دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جسے ایران نے بند کر رکھا ہے اور توانائی کے بحران کے باعث پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔