اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ، بحری جہازوں کی تیز رفتار آمد ورفت یقینی بنانے پر زور
فوٹو: فائل
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں توانائی کی بلاتعطل فراہمی اہمیت اور بحری جہازوں کی محفوظ و تیز رفتار آمد و رفت یقینی بنانے پر زور دیا۔
وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں تازہ علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بلاتعطل توانائی کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ توانائی کی مسلسل فراہمی ترقی پذیر ممالک اور عالمی سپلائی چینز کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے بحری جہازوں کی محفوظ اور تیز رفتار آمدورفت یقینی بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور ایران نے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
بعد ازاں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سیری محمد حسن کے ساتھ بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، جس میں تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا، اس کے علاوہ دونوں وزرا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں سیشن کے سائیڈ لائنز پر نیویارک میں ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔