لاہور؛ راہ چلتی 18 سالہ لڑکی کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار
ہربنس پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کام پر جانے والی 18 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر چھیڑنے اور ہراساں کرنے والے ملزم عرفان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد نے 15 کی کال پر فوری کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں ملزم عرفان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کے لیے ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کا کہنا ہے کہ معاشرے میں خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، خواتین کو ہراساں کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او ہربنس پورہ اور پولیس ٹیم کو شاباش بھی دی۔