چھوٹے صوبے بنائیں لیکن ٹائمنگ درست اور طریقہ کار آئینی و جمہوری ہونا چاہیے، خواجہ سعد رفیق
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ چھوٹے صوبے بنائیں لیکن اس کی ٹائمنگ درست اور طریقہ کار آئینی و جمہوری ہونا چاہیے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دہشت گردی، سیاسی انارکی اور معاشی بدحالی کی آگ میں جلتے ہوئے پاکستان میں ان مہیب مسائل کو حل کرنے کی بجائے چھوٹے صوبوں کی تشکیل کو اولیت دینا غیر دانشمندانہ اقدام ہوگا۔ اس وقت ایسا کرنا سیاسی نفرت، تلخی اور خلیج بڑھا دے گا۔
سینئر لیگی رہنما نے کہا کہ گورننس بہتر کرنا ہے تو سب سے پہلے آئینی تحفظ کے ساتھ این ایف سی طرز پر پراونشل فنانس کمشن بنائیں، بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام لائیں اور صوبے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے حاصل شدہ قوت اضلاع کو منتقل کریں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سارا پاکستان کوہاٹ حملے کے ریاستی ردعمل کا منتظر ہے۔ مرکزی و صوبائی حکومتیں اور سیکیورٹی ادارے مل کر ایک مربوط اور مؤثر حکمت عملی سامنے لائیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم تمام اسٹیک ہولڈرز اور ریاستی اداروں کو دہشت گردی کے خلاف یکجا ہوکر روبہ عمل دیکھنا چاہتی ہے۔ دہشت گردی، غربت اور ناانصافی سے لڑنے کی بجائے ایک دوسرے سے لڑنے والے قوم کے نجات دہندہ نہیں ہوسکتے۔
آواز دروں —•—
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) September 20, 2026
چھوٹے صوبے بنائیں لیکن اسکی ٹائمنگ درست اور طریقہ کار آئینی و جمہوری ھونا چاھئیے ۔۔
دھشت گردی ، سیاسی انارکی اور معاشی بدحالی کی آگ میں جلتے ھوۓ پاکستان میں یہ مہیب مسائل حل کرنیکی بجاۓ چھوٹے صوبوں کی تشکیل کو اولیت دینا غیر دانشمندانہ اقدام ھو گا، اسوقت ایسا…