یوکرین کا ماسکو میں آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ، 3 افراد ہلاک
فوٹو: رائٹرز
یوکرین نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں واقع آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ روس میں پارلیمانی انتخابات کا آخری دن ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی حکام نے بتایا کہ ماسکو ریجن میں یوکرین کی جانب سے ڈرون کا خطرناک حملہ کیا گیا جس سے 3 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبائینن نے کہا کہ روس نے گزشتہ روز سے اب تک 1600 ڈرونز مار گرائے جا چکے ہیں، جس میں 450 ماسکو کی طرف فائر کیے گئے تھے، کئی ڈرونز آئل ریفائنری کے احاطے تک پہنچے اور ان میں سے ایک عمارت سے ٹکرایا۔
انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی حملہ انتخابات میں خلل ڈالنے کا واضح منصوبہ تھا لیکن دشمن اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے کی وجہ سے ماسکو میں تیل کی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔
ماسکو ریجن کے گورنر اینڈری وروبویوف ان کا کہنا تھا کہ علی الصبح ہوئے حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے اور تیسرا شہری اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ماسکو ریجن کے ضلع رامینسکوئی میں 21 منزلہ عمارت سے 70 بچوں سمیت 400 افراد کو دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں کئی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ یوکرین اور روس نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کرلیا ہے لیکن دونوں ممالک ایک دوسرے پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔