پی ٹی آئی مارچ: اسلام آباد پولیس نے ہماری ایک ہزار گاڑیاں پکڑی ہوئی ہیں کرائے پر نہیں لیں، گڈز ٹرانسپورٹ
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن اویس چودھری ایڈووکیٹ ںے کہا ہے کہ اسلام آباد میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ایک ہزار سے زائد گاڑیاں گزشتہ دو ہفتوں سے پولیس کے قبضے میں ہیں انہیں کرائے پر حاصل کرنے کا تاثر درست نہیں۔
اپنے بیان اویس چوہدری نے کہا کہ کنٹینرائزڈ کارگو، فلیٹ بیڈ، اوپن باڈی، دس ویلر اور مزدا سمیت مختلف گاڑیاں پکڑی گئی ہیں، بیشتر گاڑیاں لوڈ ہیں اور انہیں مختلف چوک چوراہوں میں کھڑا کیا گیا ہے، گاڑیوں کو کرائے پر حاصل کرنے اور یومیہ 20 ہزار روپے دینے کا تاثر درست نہیں۔
اویس چوہدری نے کہا کہ کسی ٹرانسپورٹر کو تاحال کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا، 2022ء میں بھی گاڑیاں پکڑی گئی تھیں مگر ٹرانسپورٹرز کو معاوضہ نہیں ملا، لوڈ گاڑیوں کو فی الفور ریلیز کیا جائے، روکی گئی گاڑیوں کے جتنے دن بنتے ہیں یومیہ 20 ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے، گاڑیوں کے ڈرائیورز کو تحفظ، کھانے پینے اور واش روم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اویس چوہدری نے کہا کہ کمرشل گاڑیوں کو احتجاج اور دھرنے روکنے کے لیے استعمال کرنا ناانصافی ہے، حکومت فوری طور پر گاڑیاں ریلیز کرے اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کرے۔