آبنائے ہرمز میں ایل پی جی ٹینکر پر میزائل حملہ؛ کشیدگی میں پھر اضافہ

حملے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں تاحال واضح صورت حال سامنے نہیں اسکی ہے

آبنائے ہرمز میں ایل پی جی ٹینکر پر پروجیکٹائل کا ملبہ گرنے سے خوف و ہراس پھیل گیا؛ فوٹو: فائل

آبنائے ہرمز سے خلیج عمان کی جانب روانہ ہونے والے ایل پی جی ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل کے ملبے سے نقصان پہنچا تاہم جہاز پر موجود تمام عملہ محفوظ رہا۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق پیر کو جاری کیے گئے واقعے کے بیان میں بتایا گیا کہ ادارے کو جہاز کے کپتان کی جانب سے واقعے کی اطلاع تاخیر سے موصول ہوئی۔

کپتان نے بتایا کہ ٹینکر آبنائے ہرمز سے باہر نکلتے ہوئے نامعلوم پروجیکٹائل کی زد میں آگیا۔ پروجیکٹائل کا ملبہ ایل پی جی ٹینکر پر گرا جو بظاہر ایک میزائل لگتا ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ یہ پروجیکٹائل کس نے اور کہاں سے داغا تھا اور کس طرح فضا میں تباہ کیا گیا جس کا ملبہ ایل پی جی ٹینکر سے ٹکرایا۔

برطانوی میری ٹائم ادارے کے مطابق واقعے میں کسی بھی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور جہاز پر موجود تمام عملہ محفوظ ہے۔

حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ واقعے کے نتیجے میں سمندر میں کسی قسم کا تیل یا دیگر نقصان دہ مواد خارج ہونے کی اطلاع نہیں ہے جس کے باعث ماحولیاتی نقصان بھی نہیں ہوا۔

تاہم ایل پی جی ٹینکر نے اپنے اگلے بندرگاہی مقام کی جانب سفر جاری رکھا جبکہ متعلقہ حکام واقعے کی وجوہات اور نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر تجارتی جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ادارے نے بحری جہازوں کے کپتانوں اور عملے سے کہا ہے کہ علاقے میں کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔

آبنائے ہرمز میں حالیہ کشیدگی کے دوران تجارتی جہازوں کی آمدورفت پہلے ہی متاثر ہوئی ہے اور تازہ واقعے سے اس اہم بحری راستے میں سلامتی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

 

Load Next Story