پاک سعودی تعلقات میں اہم پیش رفت، سفارتی و سرکاری پاسپورٹ پر ویزا ختم
پاکستان اور سعودی عرب نے سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیے جس سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور سرکاری وفود کی آمدورفت مزید آسان ہوجائے گی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان ویزا فری سہولت سے متعلق معاہدہ طے پایا۔
Pleased to announce that on the sidelines of #UNGA2026,
I signed today with my brother, His Highness Prince Faisal bin Farhan @FaisalbinFarhan, the “Agreement between Islamic Republic of Pakistan and Kingdom of Saudi Arabia on the abolition of visa requirements for holders of… pic.twitter.com/9w1F2z41f5— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) September 21, 2026
اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں معاہدے پر دستخط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی اور سرکاری، خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کرکے خوشی ہوئی۔
نائب وزیراعظم کے مطابق یہ اہم پیش رفت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں اور ادارہ جاتی تبادلوں کو مزید آسان بنائے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ویزا کی شرط کے خاتمے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
معاہدے کے تحت سہولت کا اطلاق عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی اور سعودی شہریوں کے بجائے سفارتی سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ کے حامل افراد پر ہوگا۔