’ یہ تو اپیل زندہ ہوگئی‘ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت
اسلام آباد ہائیکورٹ میں متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس اعظم خان نے فیصل صدیقی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تو آپ کو ریلیف مل گیا ہے۔ جسٹس اعظم خان نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ نے کیا لکھا ہے؟ اپیلیں سن لیں؟
فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ نہیں، ایسا کچھ نہیں لکھا۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر بھی بول پڑے۔ فیصل صدیقی نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ چھٹی پر تھے، یقینا آپ نے چھٹیاں انجوائے کی ہوں گی۔
فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ کا آرڈر پڑھا، جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ تو اپیل زندہ ہوگئی۔ فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ پہلے کیا اپیل مر گئی تھی؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم اس درخواست پر آرڈر جاری کریں گے۔