پنجاب اسمبلی میں کفایت شعاری اور ایندھن بچت کے نئے اقدامات نافذ
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے کفایت شعاری اور ایندھن بچت کے نئے اقدامات نافذ کرتے ہوئے ان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی ہے۔ سرکاری ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ پنجاب اسمبلی میں سیکیورٹی گاڑیوں کی تعداد ایک ایسکارٹ تک محدود کردی گئی ہے۔
کفایت شعاری اقدامات کے تحت غیر ضروری لائٹس اور برقی آلات بند کرکے 70 فیصد توانائی بچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ توانائی بچانے کے لیے اسمبلی اجلاس غروب آفتاب سے قبل شیڈول کیا جا سکے گا۔
اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس ناگزیر ہونے کی صورت میں آن لائن ہوں گے جبکہ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی تعداد کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم پہلے سے شروع کیے گئے پروکیورمنٹ عمل کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے ارکان اور افسران کے غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی ہوگی، تاہم بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کی اسکالرشپ پر دورہ پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔ مستثنیٰ غیر ملکی دوروں میں ارکان اور افسران اکانومی کلاس میں سفر کریں گے۔
ضروری روزمرہ اشیا کے علاوہ تمام خریداری کم سے کم سطح پر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیپر لیس ورکنگ ماحول اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں پر بھی پابندی ہوگی۔
کفایت شعاری اقدامات پر اسمبلی اجلاس کے دوران مناسب تبدیلی کی اجازت ہوگی۔ اقدامات پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے، سیکرٹری جنرل کی سربراہی میں کفایت شعاری کمیٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔