وزارت مذہبی امور کے نوٹس کے بعد پرائیویٹ حج بکنگ میں تیزی

پرائیویٹ حج اسکیم میں 50 ہزار نشستیں تاحال باقی ہیں، ترجمان وفاقی وزارت مذہبی امور

فوٹو: فائل

وفاقی وزارت مذہبی امور کے مانیٹرنگ سیکسن کی جانب نوٹس لیے جانے کے بعد پرائیویٹ حج بکنگ میں تیزی آگئی ہے۔

وفاقی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ مانیٹرنگ سیکشن کے نوٹس لینے کے بعد پرائیویٹ حج بکنگ میں تیزی آگئی ہے اور پاک حج ایپ کے ذریعے موصول درخواستوں کی تعداد 21 ہزار 547 ہو چکی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پرائیویٹ حج اسکیم میں 50 ہزار نشستیں تاحال باقی ہیں اور پرائیویٹ عازمین حج واجبات کی ادائیگی پاک حج ایپ کے ذریعے مکمل کریں، کسی فرد یا کمپنی کو براہ راست ادائیگی کی ممانعت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حج پورٹل کے ذریعے مجاز کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں تقریبا 18 ارب روپے منتقل ہوچکے ہیں، 45 فیصد رقوم ڈیجیٹل ذرائع جبکہ 55 فیصد مینول بینک چالان کے ذریعے جمع ہوئی ہیں۔

ترجمان نے آگاہ کیا کہ حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج اسکیم میں داخلے کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر ہے، حج پورٹل پر 25 مجاز کمپنیوں کے 2 ہزار سے زائد حج پیکیج دستیاب ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پرائیویٹ عازمین حج کسی شکایت کی صورت میں حج پورٹل کی انکوائری آپشن پر رپورٹ کریں۔

Load Next Story