شہباز شریف کی یورپی یونین کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقات، تجارت اور جی ایس پی پلیس کی اہمیت پر زور
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی 2026 کے موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لائن سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات سمیت علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی روابط اور باہمی مشاورت میں بڑھتے ہوئے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان۔یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کی سطح پر مسلسل رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید سمت اور رفتار فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے پاکستان کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور یورپی یونین کے ساتھ تجارتی روابط میں جی ایس پی پلس کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس فریم ورک کے تحت یورپی یونین کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دہرائی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان اور یورپی یونین کی قیادت قریبی تعاون جاری رکھے گی۔