کورنگی فشریز ہاربر پر میری کلچر اسٹیٹ کا منصوبہ؛ بلیو اکانومی کے فروغ کی جانب اہم اقدام
کورنگی فشریز ہاربر پر میری کلچر اسٹیٹ کا منصوبے کو بلیو اکانومی کے فروغ کی جانب اہم اقدام قرار دیا جا رہاہے۔
وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کورنگی فشریز ہاربر پر 100 ایکڑ پر محیط میری کلچر انویسٹمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ اسٹیٹ قائم کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔
کورنگی فشریز ہاربر کراچی میں ماہی گیری اور فشریز سے متعلق سرگرمیوں کے لیے ایک اہم بندرگاہ کے طور پر کام کر رہا ہے اور مجوزہ میری کلچر اسٹیٹ میں فش فارمنگ، ہیچریز، تحقیق، پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
منصوبے میں 30 ایکڑ میری کلچر زون، 20 ایکڑ ہیچری زون,20 ایکڑ ایکوا ریسرچ پارک اور 20 ایکڑ کمرشل ڈسٹرکٹ شامل ہیں۔
میری کلچر اسٹیٹ میں کولڈ چین، کمرشل سہولیات، جدید انفراسٹرکچر اور پائیدار ترقی کے نظام بھی قائم کیے جائیں گے۔
یہ اقدام فشریز کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، برآمدات بڑھانے اور ساحلی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔